ریاض میں گیس سلینڈر دھماکا، 6 پاکستانی جاں بحق، سفارت خانہ متحرک

ریاض میں گیس سلینڈر دھماکا، 6 پاکستانی جاں بحق، سفارت خانہ متحرک

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے، جبکہ پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور قانونی کارروائی کے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ گزشتہ شب ریاض کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا، جہاں ایک گیس سلینڈر میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد متاثر ہوئے، جن میں 6 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔پاکستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی، ضروری دستاویزات کی تکمیل اور دیگر قانونی امور کے لیے سعودی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔

سفارت خانے کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سفارتی معاونت فراہم کی جائے گی اور تمام ضروری کارروائیاں جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ایسے حادثات کی صورت میں پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ شہریوں اور ان کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے۔