لاہور میں شدید گرمی برقرار، آج بارش کا امکان نہیں، درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی

لاہور میں شدید گرمی برقرار، آج بارش کا امکان نہیں، درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی

باغوں کے شہر لاہور میں سورج کی تیز تپش اور شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث شہری سخت موسم سے پریشان ہیں۔

 محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کے کسی امکان کو مسترد کرتے ہوئے گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دھوپ کی شدت اور گرم موسم کے باعث دن کے اوقات میں گرمی کی شدت مزید محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں تقریباً 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم ہوا کی کم رفتار کے باعث حبس اور گھٹن کی کیفیت برقرار رہے گی۔ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

ماہرین صحت اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں احتیاط برتیں۔ شہری زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔