5 اضلاع کیلئے الیکٹرک بس منصوبے کا افتتاح حکومت خوابوں کی تعبیر تک نوجوانوں کا ساتھ دے گی مریم نواز

 الیکٹرک بسوں کی درآمد، ٹریک اور چارجنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر سمیت پورے منصوبے پر 200 ارب  کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، مری میں بسوں کی آزمائش سو فیصد کامیاب رہی 
طلبا ء کو ایک لاکھ فری الیکٹرک بائیک دیں گے،پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر،بیٹیاں محفوظ ہیں  ،تعلیم تفریق مٹا دیتی ہے:وزیراعلی کا تقریبات سے خطاب
 لاہور‘عارف والا (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے 5 اضلاع کے لیے ماحول دوست اور جدید ترین گرین الیکٹرک بس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، انہوں نے اس منصوبے کو پاکستان کا سب سے بڑا الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نیٹ ورک پر 200 ارب روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کو شدید گرمی کے موسم میں ایئر کنڈیشنڈ اور آرام دہ سفر کی سہولت مل سکے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کے عوام کے لیے ایک اور انتہائی خوشی کا دن ہے کیونکہ صوبے میں ماحول دوست اور جدید سفری نظام کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے، اس مرحلے میں پانچ اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس شروع کی گئی ہے جن میں چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ اور مری شامل ہیں، اس منصوبے کے تحت شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے عوام کو بغیر کسی تفریق کے یکساں معیار کی، آرام دہ اور انتہائی کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ الیکٹرک بسوں کی درآمد، ٹریک اور چارجنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر سمیت اس پورے منصوبے پر 200 ارب روپے کی خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، مری کے انتہائی دشوار گزار، چڑھائی والے اور پہاڑی راستوں پر بھی جدید الیکٹرک بسوں کی آزمائش سو فیصد کامیاب رہی ہے، جس نے اس منصوبے کی افادیت اور بسوں کی اعلیٰ کوالٹی کو ثابت کر دیا۔دریں اثناء وزیراعلی پ مریم نوازنے  عارف والا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  نواز شریف سکول ہر تحصیل میں ہوں گے،طلبا کو ایک لاکھ فری الیکٹرک بائیک دیں گے،پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر،بیٹیاں محفوظ ہیں  ،تعلیم تفریق مٹا دیتی ہے۔  حکومت سرکاری اسکولوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تبدیل کر رہی ہے، جہاں غریب اور امیر کے بچوں کو یکساں سہولتیں اور مواقع میسر ہوں گے، انہوں نے بچوں کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشرتی تفریق ختم کر کے ترقی کے دروازے کھولتی ہے۔ انہوں نے  والدین پر زور دیا کہ وہ بارشوں کے موسم میں بچوں کو غیر محفوظ مقامات پر نہ بھیجیں