ویب ڈیسک: امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب 15 سالہ لڑکی "سمر ہینوٹ" (Summer Heunot) پر تیراکی کے دوران ایک 10 فٹ لمبے مگرمچھ نے حملہ کر دیا، تاہم لڑکی نے غیر معمولی حاضر دماغی اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو بچا لیا۔
واقعہ فلوریڈا کے علاقے میں واقع "پونڈ کریک" نامی تالاب میں پیش آیا، جہاں سمر تیراکی کے لیے گئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمر پر اچانک مگرمچھ نے حملہ کیا اور اسے ٹانگ سے پکڑ کر پانی کے اندر گھسیٹنے لگا۔ لڑکی نے ایک انٹرویو میں بتایا:"مگرمچھ نے میری ٹانگ دبوچ لی اور مجھے نیچے پانی میں لے گیا، اس دوران میں نے اپنی پوری طاقت سے اس کے سر پر مکے مارنے شروع کیے۔ ایک لمحے کو اس نے مجھے چھوڑ دیا لیکن فوراً ہی دوبارہ حملہ کر دیا۔"سمر نے مزید بتایا کہ دوسرے حملے میں بھی اس نے ہمت نہیں ہاری اور جیسے ہی مگرمچھ کی گرفت کمزور ہوئی، وہ فوراً موقع دیکھ کر پانی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئی۔
اسپتال منتقل، حالت خطرے سے باہر
واقعے کے فوری بعد سمر کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ اب خطرے سے باہر ہے۔
عوامی ردِعمل
سمر کی حاضر دماغی اور بہادری کو سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ:"مگرمچھ کے منہ سے زندہ نکل آنا گویا موت کے منہ سے واپس آنا ہے۔"ماہرین کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کے حملے اکثر مہلک ثابت ہوتے ہیں، اور ایسے حملے سے بچنا نایاب واقعہ ہوتا ہے۔