امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک خاندان کو اس وقت شدید خوف کا سامنا کرنا پڑا جب آدھی رات کے وقت ان کے گھر کے عقب میں واقع سوئمنگ پول سے ایک بڑا مگرمچھ برآمد ہوا، جسے نکالنے کے لیے فوری طور پر حکام کو طلب کرنا پڑا۔
گھر کے مالک راب ایمہوف کے مطابق ان کی اہلیہ نے رات تقریباً ایک بجے اپنے کتے کو باہر چھوڑا تو سوئمنگ پول کی جانب سے عجیب و غریب آوازیں سنائی دیں۔ جب اہلِ خانہ نے باہر جا کر دیکھا تو پول کے پانی میں ایک مگرمچھ اوپر نیچے غوطے لگاتا نظر آیا۔خاندان نے فوری طور پر کولیئر کاؤنٹی کی نان ایمرجنسی لائن پر اطلاع دی، جس پر ایک تربیت یافتہ ٹریپر تقریباً دس منٹ میں موقع پر پہنچ گیا۔ حکام کے مطابق مگرمچھ نے مزاحمت کی، تاہم اسے بے ہوش کرنے کے بعد قابو میں کر لیا گیا۔بعد ازاں مگرمچھ کو ناپا گیا تو اس کی لمبائی آٹھ فٹ نکلی۔ حکام نے تصدیق کی کہ یہ ایک انتہائی خطرناک مگرمچھ تھا، جو اہلِ خانہ کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔واقعے پر اہلِ خانہ نے حیرت اور خوف کا اظہار کرتے ہوئے بروقت کارروائی پر حکام کا شکریہ ادا کیا۔