حج کی برکت: اندھے پن کا شکار مصری خاتون کی بینائی معجزانہ طور پر بحال ہوگئی

حج کی برکت: اندھے پن کا شکار مصری خاتون کی بینائی معجزانہ طور پر بحال ہوگئی

مکہ مکرمہ میں حج کے دوران ایک مصری خاتون کو اچانک موتیا بند (Cataract) اور ریٹینا کے الگ ہونے (Retinal Detachment) کا شدید مسئلہ لاحق ہو گیا، جو ان کی بینائی کے لیے نہایت خطرناک تھا۔

 سعودی وزارت صحت کے مطابق، اگر فوری طور پر علاج نہ کیا جاتا تو خاتون کی بینائی مستقل طور پر ختم ہو سکتی تھی۔ اس سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں فوراً کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں قائم آئی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔ماہرین کی ٹیم نے فوری تشخیص کے بعد آپریشن کا آغاز کیا، جس میں موتیا بند اور ریٹینا کی حالت کو درست کیا گیا۔ کامیاب سرجری کے بعد خاتون کی بینائی بحال ہو گئی اور ان کی صحت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ وزارت صحت کے حکام نے اس معجزاتی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اب مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہے اور انہوں نے ہسپتال سے چھٹی لے کر دوبارہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔

یہ واقعہ مکہ مکرمہ کے ہسپتالوں میں موجود جدید اور اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات اور فوری طبی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ہر سال لاکھوں حجاج کرام کو اسی طرح کی اعلیٰ سطح کی طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ان کی صحت اور زندگی کو کسی بھی ناگہانی بیماری یا حادثے سے بچایا جا سکے۔ اس کامیابی کو حج کے مقدس موقع پر اللہ کی عنایت اور سعودی صحت کے شعبے کی پیشہ ورانہ مہارت کا ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔