فلوریڈا کے قریب سمندر میں طیارہ حادثہ، 11 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے

فلوریڈا کے قریب سمندر میں طیارہ حادثہ، 11 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب بحرِ اوقیانوس میں گرنے والے نجی ٹربو پروپ طیارے میں سوار تمام 11 افراد کو معجزانہ طور پر زندہ بچا لیا گیا ہے۔

 حادثے کے بعد کئی گھنٹوں پر مشتمل بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران تمام مسافروں کو لائف بوٹ سے بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔امریکی کوسٹ گارڈ اور فضائیہ کے حکام کے مطابق دو انجنوں پر مشتمل یہ نجی طیارہ بہاماس سے فلوریڈا جا رہا تھا کہ میلبورن کے ساحل سے تقریباً 80 میل دور بحرِ اوقیانوس میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے میں تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ وجوہات کے باعث ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ایمرجنسی لوکیشن سگنل (ELT) موصول ہوا۔اطلاع ملتے ہی امریکی کوسٹ گارڈ اور ایئر فورس نے مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ تلاش کے دوران ایک کومبیٹ کنگ طیارے نے خراب موسم اور قریب آتے طوفان کے باوجود سمندر میں موجود لائف رافٹ کا سراغ لگا لیا۔ ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر خوراک، پانی اور اضافی حفاظتی سامان بھی فراہم کیا تاکہ ان کی حالت مستحکم رکھی جا سکے۔

امریکی ایئر فورس کی میجر الزبتھ پیواٹی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ تمام افراد کا زندہ بچ جانا ایک غیر معمولی اور خوش قسمت واقعہ ہے، جو سخت موسمی حالات کے باوجود ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے۔بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے سمندر سے تمام 11 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا اور قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا جہاں ان کا ابتدائی معائنہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔امریکی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے، جبکہ ماہرین ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حادثات میں اتنی بڑی تعداد میں افراد کا محفوظ بچ جانا انتہائی غیر معمولی ہے۔