فلوریڈا: دریا میں نہاتے ہوئے خاتون پر مگرمچھ کا حملہ، ہلاک

فلوریڈا: دریا میں نہاتے ہوئے خاتون پر مگرمچھ کا حملہ، ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک جنگلاتی اور سیاحتی علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دریا میں نہاتے ہوئے 31 سالہ خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک ہوگئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون اپنے دو دوستوں کے ساتھ ایک نسبتاً کم گہرے دریا میں موجود تھی۔ پانی کی گہرائی تقریباً 3 فٹ تھی کہ اچانک ایک بڑا مگرمچھ پانی سے نمودار ہوا اور خاتون پر حملہ کر دیا۔محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق مگرمچھ نے خاتون کا بازو اپنے جبڑوں میں جکڑ لیا اور پھر اپنی مخصوص “ڈیتھ رول” یعنی گھومنے والی حرکت کے ذریعے اسے پانی میں کھینچ لیا۔ موقع پر موجود خاتون کے دوست نے فوری طور پر اسے بچانے کی کوشش کی اور کسی حد تک مگرمچھ کے چنگل سے نکالنے میں کامیاب بھی ہو گیا، تاہم اس دوران خاتون کو دونوں بازوؤں پر شدید چوٹیں آئیں—ایک بازو مکمل طور پر الگ ہوگیا جبکہ دوسرا بری طرح زخمی ہوا۔واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز کو کال کی گئی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ شدید خون بہنے کے باعث خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا اور جنگلی حیات کے اہلکاروں نے 12 اور 13 فٹ لمبے دو بڑے مگرمچھوں کو پکڑ لیا ہے۔

 ان مگرمچھوں کو جانچ کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں حکام نے کہا ہے کہ خاتون یا اس کے دوستوں کی جانب سے کسی قسم کی اشتعال انگیزی یا جانور کو چھیڑنے کے شواہد نہیں ملے، اور واقعہ بظاہر ایک اچانک اور قدرتی حملہ تھا۔فلوریڈا میں ماہرین کے مطابق گرمیوں کے موسم میں مگرمچھوں کی سرگرمی بڑھ جاتی ہے، اور پانی کے کم گہرے علاقوں میں ایسے واقعات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر محفوظ یا غیر نگرانی شدہ آبی علاقوں میں نہانے یا تیرنے سے گریز کریں۔