اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عالمی یومِ انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "انصاف کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔"
چیف جسٹس نے عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان اقدار کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ ان کے بقول:“انصاف کی کوئی سرحد نہیں، یہ انسانی حقوق اور امن کی بنیاد ہے۔”انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ اور ماحولیاتی بحران جیسے چیلنجز کا مستقل اور پائیدار حل صرف قانون کی حکمرانی اور مؤثر عدالتی نظام میں ہے۔چیف جسٹس نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی عدلیہ عالمی سطح پر انصاف کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:“عدالتی اصلاحات، محروم طبقے کی آواز بننا، اور انصاف تک رسائی کو آسان بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔”انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ انصاف کو صرف نعرہ نہ بنائے بلکہ اسے ہر انسان کے لیے عملی طور پر یقینی بنائے۔