ا سلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان اور چین کے مابین سمعی و بصری اور نشریاتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے ، جس کا مقصد میڈیا کے میدان میں مہارتوں کا تبادلہ اور اشتراک کو بڑھانا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے کی جبکہ چین کی طرف سے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن ایڈمنسٹریشن کے پارٹی گروپ کے رکن اور وائس منسٹر ڈونگ شن نے دستخط کئے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روایتی میڈیا تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بل کہ جدید نشریاتی تقاضوں سے ہم آہنگ سمعی و بصری میدان میں بھی تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔معاہدے کے تحت پاکستان اور چین کے میڈیا ادارے مشترکہ منصوبے شروع کر سکیں گے، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں گے اور معلومات و مواد کا تبادلہ کیا جا سکے گا۔