الجزائر کے دارالحکومت کے مشرقی نواحی علاقے محمدیہ میں واقع ایک یتیم خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 19 دیگر زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ جمعرات کی صبح یتیم خانے کی عمارت میں لگی، جس کے بعد شہری دفاع کے ادارے کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو عمارت سے نکالا، تاہم شدید دھویں اور آگ کی شدت کے باعث 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمیوں میں 10 افراد جھلسنے کے باعث متاثر ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔شہری دفاع کے ادارے کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران 5 معذور افراد کو بھی بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔حکام نے تاحال جاں بحق افراد کی شناخت، عمر اور آتشزدگی کی اصل وجہ سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 11 ہے تاہم امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کس وجہ سے لگی اور حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت تو نہیں برتی گئی۔دوسری جانب الجزائر میں ان دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہری دفاع کے حکام کے مطابق 8 جولائی سے اب تک ملک بھر میں 913 آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا جا چکا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔