راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ کے گاؤں لادیاں میں سیلابی ریلے کے باعث ایک ہی خاندان کے افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، مکان کی چھت پر پھنس گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ فیملی کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔مزید افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ بارشوں کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں اور گلیوں، سڑکوں پر پانی جمع ہو چکا ہے۔ نالہ لئی میں بھی خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے—گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ اور کٹاریاں کے مقام پر 22 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ریسکیو، واسا اور سول ڈیفنس کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔