راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارشوں کے بعد راول ڈیم مکمل طور پر بھر گیا ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں میں اسپل ویز کھولے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
راول ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1,747 ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے جبکہ اس کی کل گنجائش 1,752 ایکڑ فٹ ہے۔بارشوں کے نتیجے میں راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، اندرون شہر کے کئی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں جبکہ برساتی نالوں میں شدید طغیانی دیکھی جا رہی ہے۔ دریائے سواں سے اس وقت بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث شہر کی ٹریفک بری طرح متاثر ہے۔ریسکیو، واسا، اور سول ڈیفنس کے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو کر گوالمنڈی پل پر 23 فٹ اور کٹاریاں کے مقام پر 22 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ خطرے کے پیشِ نظر مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا، جس سے مزید نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام ادارے فوری امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہیں۔