تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

ویب ڈیسک: تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اسپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریا کے کنارے آباد مقامی آبادی کو فوری الرٹ کیا جائے۔ ماہی گیر، کسان اور مویشی پالنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔