اسلام آباد: راول ڈیم میں پانی کی سطح 1752 فٹ تک پہنچنے پر حکام نے سپل ویز کھول دیئے تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔
سپل ویز کھلنے سے کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اردگرد کی آبادیوں کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ کورنگ نالہ کے قریب نہ جائیں اور خاص طور پر تیز بہاؤ کے دوران نالہ یا اس پر بنے عارضی پل عبور کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے سلسلے میں مزید اضافے کی صورت میں پانی کی سطح پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔