اداکارہ حمیرا اصغر مالی مشکلات کا شکار تھیں، دو شناختی کارڈز کا استعمال سامنے آ گیا: تفتیشی حکام

اداکارہ حمیرا اصغر مالی مشکلات کا شکار تھیں، دو شناختی کارڈز کا استعمال سامنے آ گیا: تفتیشی حکام

ویب ڈیسک: ڈیفنس کے پوش علاقے میں مردہ حالت میں پائی جانے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے حوالے سے تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 پولیس نے ان کے فلیٹ سے 3 موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ، ایک ذاتی ڈائری اور متعدد اہم دستاویزات تحویل میں لے کر تفصیلی جائزہ لیا ہے۔تحقیقاتی افسران کے مطابق اداکارہ دو مختلف شناختی کارڈز استعمال کر رہی تھیں جبکہ ان کے نام پر تین موبائل سمیں رجسٹرڈ تھیں، جو تمام فونز میں فعال حالت میں پائی گئیں۔ ان میں سے دو موبائل فون بغیر پاس ورڈ کے تھے، جس سے ڈیٹا تک رسائی آسان رہی۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اداکارہ نے آخری بار اپنا فون 7 اکتوبر 2024 کو شام 5 بجے استعمال کیا۔ اس دن انہوں نے 14 افراد سے رابطہ کیا، تاہم کسی سے کال پر بات نہیں کی گئی۔ اس بنیاد پر پولیس کا کہنا ہے کہ غالب امکان ہے کہ ان کی موت اسی دن شام کے وقت واقع ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اداکارہ شدید مالی دباؤ کا شکار تھیں۔ ان کی ذاتی ڈائری، ای میلز اور دیگر دستاویزات میں مالی مشکلات، ادھار، اور کام نہ ملنے کا ذکر پایا گیا ہے۔پولیس نے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اداکارہ سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات اور ممکنہ محرکات کا پتا چلایا جا سکے۔اداکارہ حمیرا اصغر کی اچانک اور پراسرار موت نے شوبز انڈسٹری میں افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے، اور کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے فرانزک رپورٹ اور پوسٹ مارٹم نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔