شدید بارش کے باعث راولپنڈی میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان

شدید بارش کے باعث راولپنڈی میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان

راولپنڈی میں موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر سطح آب 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے باعث دریائے سواں کا پل بھی زیر آب آ گیا ہے۔ متعدد سڑکیں بند اور ٹریفک متاثر ہے۔نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے ہیں، جبکہ ریسکیو 1122، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق ایم ڈی واسا نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی مدد طلب کرلی ہے، جبکہ کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ادھر جہلم میں بھی مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوجی امداد طلب کر لی ہے۔