راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال، تعطیل اور فوجی امداد کی ہدایات

راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال، تعطیل اور فوجی امداد کی ہدایات

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

 تیز اور جاری بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق، اسلام آباد سے ایک بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر نشیبی آبادیوں سے انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تھی، جو بعد میں 18.5 فٹ تک جا پہنچی، جبکہ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہو گئی ہے۔سیلابی ریلا دریائے سواں میں داخل ہونے سے علاقے میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے، اور جی ٹی روڈ، پرائیوٹ سوسائٹیز، اڈیالہ روڈ، چونترہ، چک بیلی، اور دیگر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریکارڈ شدہ بارش کی مقدار بالترتیب 120، 119، اور 104 ملی میٹر ہے، جس سے سیلابی صورتحال شدت اختیار کر گئی ہے۔مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے ہیں، اور مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ نالہ لئی کے کنارے آباد افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر پانی بھر جانے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں، اور امدادی کام جاری ہیں۔ فوجی ادارے بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں، اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ یوسی 44 ڈھوک فرمان علی میں نالہ برساتی پانی کے سبب گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔علاوہ ازیں، اسلام آباد کے ای الیون میں بھی بارش کے شدید اثرات نظر آئے ہیں، جہاں نالہ اوورفلو ہونے سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کی گئی بیسمنٹس میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے، اور ڈی واٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ متعدد شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جسے ٹریفک پولیس کی مدد سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔