مہوش حیات 7 سال بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی، نئے ڈرامے کا ٹیزر مقبول

مہوش حیات 7 سال بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی، نئے ڈرامے کا ٹیزر مقبول

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات 7 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپس آ رہی ہیں۔

 ان کا نیا ڈرامہ، جس کا ٹیزر حال ہی میں سیون اسکائی انٹرٹینمنٹ کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اس ٹیزر کو ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔مہوش حیات، جو اپنی بے مثال اداکاری کے لیے مشہور ہیں، آخری بار 2016ء میں ڈرامہ سیریل "دل لگی" میں ہمایوں سعید کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ اس نئے ڈرامے میں ان کے ساتھ احسن خان اور حرا مانی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹیزر میں مہوش حیات کی آواز میں ایک ڈائیلاگ سنائی دیتا ہے: "خوشیوں سے میرا رشتہ مختصر سا ہے، اس لیے میں خود کو ان کا عادی نہیں بناتی"۔اس پراجیکٹ کے ہدایت کار سراج الحق ہیں، جبکہ فاطمہ فیضان اور عنبر اظہر کی تحریر کردہ یہ کہانی محبت، معمہ اور گہرے رازوں پر مبنی ہے۔

 دیگر کاسٹ میں عثمان پیرزادہ، زینب قیوم، نیئر اعجاز، سہیل سمیع، اسامہ طاہر، ندا ممتاز، شمیل خان، افشین حیات اور زہرہ عامر شامل ہیں۔مہوش حیات نے پاکستانی ڈراموں میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ہالی ووڈ میں بھی قدم رکھا اور مارول اسٹوڈیوز کی "مس مارول" میں اداکاری کرکے بین الاقوامی سطح پر نام بنایا۔اس نئے ڈرامے کا نام اور ریلیز کی تاریخ فی الحال منظر عام پر نہیں آئی۔ مداح بے صبری سے مزید معلومات اور ڈرامے کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔