لاہور میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے تحریک میں شدت آ گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات اور چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، جس پر جماعت اسلامی نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع لاہور کا اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پٹرول اور چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے ضلعی، زونل و تنظیمی سطح کے دیگر رہنماؤں اور عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی 18 جولائی کو لاہور بھر میں زونز کی سطح پر 30 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرے گی، جبکہ 20 جولائی کو شہر بھر میں ایک مرکزی اور بڑا احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کا طوفان کھڑا کر کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پٹرول اور چینی جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات اور چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے، ورنہ عوامی ردعمل کو قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔اجلاس میں شریک دیگر رہنماؤں میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء ملک شاہد اسلم، انجینئر اخلاق احمد، خالد احمد بٹ، وقاص احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، ڈپٹی سیکرٹریز عبدالعزیز عابد، قیصر شریف، شاہد نوید ملک، جبران بٹ، عامر نثار خان، مرزا شعیب یعقوب و دیگر شامل تھے۔اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مہنگائی کے خلاف یہ تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی اور عوامی آواز کو ایوان اقتدار تک پہنچایا جائے گا۔