پٹرولیم مصنوعات مہنگی، کریانہ مرچنٹس نے اضافہ مسترد کر دیا

پٹرولیم مصنوعات مہنگی، کریانہ مرچنٹس نے اضافہ مسترد کر دیا

پنجاب کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس پر شدید ردعمل دیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر حافظ عارف گجر کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا، جس کے اثرات براہِ راست عوام پر پڑیں گے اور روزمرہ اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ امپورٹ متاثر ہونے کے باعث آئل اور گھی کی قیمتوں میں پہلے ہی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ بچوں کے دودھ سمیت دیگر درآمدی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

حافظ عارف گجر کے مطابق پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں چینی، دالوں اور چاول سمیت دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوگا، کیونکہ زرعی مشینری اور ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر انحصار ڈیزل پر ہوتا ہے، جس سے کاشتکاروں پر اضافی مالی دباؤ پڑے گا۔