لاہور:علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی

ریسکیو آپریشن میں آگ پر قابو پا لیا گیا، 1122 اور پاک فضائیہ کی گاڑیوں نے حصہ لیا، ائیرپورٹ اتھارٹی
 لاہور(یواین پی)لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں خوفناک آتشزدگی،ریسکیو آپریشن میں آگ پر قابو پا لیا گیا،آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع فوری طور پر ریسکیو کو دی گئی،اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ابتدائی طور پر ریسکیو کی 8 گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے اور کسی ممکنہ نقصان کو روکا جا سکے۔ریسکیو  1122 کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے کارگو ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ریسکیو 1122 کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کارگو ایریا میں لگی جس کے باعث وہاں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی۔حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن کے وران صورتحال کی مسلسل نگرانی کی گئی۔دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کااس حوالے سے کہنا ہے کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122 اور پاک فضائیہ کی گاڑیاں بھی شامل ہوئیں۔ بروقت کارروائی سے آگ بجھا دی گئی ہے جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کا واقعہ آپرن ایریا سے ایک کلومیٹر دورپیش آیا۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کااپنے بیان میں مزید یہ بھی کہناتھا کہ آگ لگنے کے واقعے کے دوران ایئرپورٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔