نیویارک: شدید بارشوں سے سڑکیں و ریلوے ٹریک زیر آب

گاڑیاں ڈوب گئیں،نیو جرسی میں 2افراد ہلاک، ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان
نیویارک(آئی این پی )امریکی شہر نیویارک میں شدید بارشوں سے سڑکیں اور  ریلوے ٹریک زیر آب آگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق  نیویارک میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔شہر میں شدید بارشوں سے گاڑیاں ڈوب گئیں اور سڑکیں تالاب کا نظر پیش کرنے لگیں جب کہ ریلوے اسٹیشن بھی زیر آب آگئے جس کی وجہ سے عوام کو سفر کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ مین ہٹن کے سینٹرل پارک میں ایک گھنٹے میں 5سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ تاریخ میں 60 منٹ کی دوسری سب سے زیادہ بارش ہے۔دوسری جانب ریاست نیو جرسی میں سیلاب میں بہہ جانے والی گاڑی کی وجہ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد انتظامیہ نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔