بارش کے بعد واسا اہلکار کہیں نظرنہ آئے‘سڑکیں پانی میں ڈوبی رہیں

بارش کے بعد یہی حال ہوتا ہے‘ ہ واسا کا کوئی افسر یا نمائندہ  ہماری بات نہیں سنتا:شہریوں کی شکایات
لاہور (رپورٹ:شہزاد راجپورت)لاہور میںگزشتہ روز صبح سویرے ہونے والی بارش نے واسا لاہور کے دعووں کو پانی میں بہا دیا۔بارش نے علاقے کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ واسا کی کارکردگی پر بھی کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ لکشمی چوک اور ایمپریس روڈکا پورا علاقہ کئی گھنٹوں تک بارش کے پانی میں ڈوبا رہا۔ دکانداروں کے مطابق پانی ان کی دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے سامان کو شدید نقصان پہنچا جبکہ موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے لوگ سڑک پر گھنٹوں پھنسے رہے۔شہریوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واسا کا عملہ بارش کے بعد کئی گھنٹوں تک منظر سے غائب رہا اور جب پہنچا بھی تو محض رسمی کارروائی میں مصروف دکھائی دیا۔ ایک دکاندار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہر بارش کے بعد یہی حال ہوتا ہے۔ ہم شکایت کرتے کرتے تھک گئے ہیں لیکن واسا کا کوئی افسر یا نمائندہ سننے کو تیار نہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر سال مون سون سے قبل واسا بڑے بڑے دعوے کرتا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا دیا گیا ہے لیکن عملاً صورتحال یہ ہے کہ بارش آتے ہی شہر کے کئی علاقے جھیل کا منظر پیش کرنے لگتے ہیں۔