لاہور میں بسنت کی تقریبات کے لیے انتظامی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے پتنگ اور ڈور کے سرکاری نرخ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائیاں صرف مقررہ سائز اور ممنوعہ مواد کے استعمال تک محدود رہیں گی اور دکاندار اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں طے کر سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پتنگ کی قیمتیں 150 سے 270 روپے جبکہ ڈور کا پنا 2200 سے 2500 روپے تک فروخت ہونے کا امکان ہے۔ مینوفیکچررز کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافے کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ آئندہ سال بسنت کے موقع پر قیمتوں کے تعین کے لیے باقاعدہ ورکنگ کی جائے گی اور رجسٹرڈ دکاندار بچا ہوا اسٹاک لازمی ڈکلیئر کریں گے۔
دوسری جانب بسنت کے موقع پر لاہور میں 4 چھٹیوں کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ 5 فروری کو کشمیر ڈے کی چھٹی پہلے سے طے ہے جبکہ جمعہ کی چھٹی بھی زیرِ غور ہے، جس کے بعد شہریوں کو جمعرات سے اتوار تک مسلسل چھٹیاں مل سکتی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق چھٹیوں کا مقصد بسنت کو یادگار اور محفوظ بنانا اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔شہر میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔