پنجاب حکومت نے آئندہ سال کے لیے بسنت کا تہوار منانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت باقاعدہ انتظامات اور قانونی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس سال اکتوبر سے پتنگوں اور ڈور کی تیاری و پروڈکشن کی اجازت دی جائے گی، اور پتنگ سازی کے لیے مخصوص مقامات مختص کرنے کا انتظامی پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔مزید برآں، حکومت نے پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے خصوصی لائحہ عمل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو مناسب قیمتوں پر پتنگیں اور ڈور دستیاب ہوں۔ اس کے علاوہ، پنجاب حکومت نے بسنت کے انعقاد اور پتنگ بازی کے حوالے سے قانون سازی کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جس میں حفاظتی اقدامات، پتنگ بازی کے ضوابط اور دیگر شرائط کو قانونی شکل دی جائے گی۔حکومت کے مطابق، آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں صوبہ بھر میں منظم انداز میں بسنت منانے کا منصوبہ ہے، جس کے لیے مخصوص مقامات اور قواعد و ضوابط کا اعلان جلد متوقع ہے۔
اس سے قبل ہی، پتنگ سازی، فروخت اور پتنگ بازی کے لیے ضوابط وضع کیے جا چکے ہیں تاکہ تہوار کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بسنت کو محفوظ اور منظم طریقے سے منعقد کرنے کے لیے انتظامی اداروں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی اور قانونی کارروائی کا نظام بھی وضع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تہوار کی خوشیوں کو بھی برقرار رکھنا ہے۔