لاہور میں بسنت کے حوالے سے انتظامیہ نے رواں ہفتے سے تیاریاں باقاعدہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
شہر میں پتنگ اور ڈور بنانے والے اور فروخت کرنے والوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بھی اسی ہفتے سے شروع ہوگا، جس کے بعد ہی پتنگ اور ڈور بنانے کی اجازت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق، پتنگ اور ڈور کی فروخت کے لیے شہر کے اندر مخصوص مقامات پر اسٹال لگانے کی اجازت ہوگی، جبکہ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اجازت نامہ شیڈول ون کے تحت جاری کیا جائے گا اور اس سال ڈیڑھ تاوا گڈا اور ساڑھے 4 گٹھ کی پتنگ بنانے اور فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔
پتنگ اور ڈور شہر کے کسی بھی مقام پر تیار کیے جا سکتے ہیں، تاہم جگہ کے حوالے سے انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ مزید یہ کہ، پتنگ اور ڈور بنانے والے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں گے تاکہ بسنت کے موقع پر سرگرمیاں محفوظ اور منظم طریقے سے انجام پائیں۔یہ اقدامات شہر میں بسنت کی تقریبات کو محفوظ، منظم اور خوشگوار بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ حادثات اور نقصانات سے بچا جا سکے۔