مری سٹی ٹریفک پولیس نے مقامی شہریوں اور سیاحوں کے لیے مفت وہیکل ریکوری سروس شروع کر دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ہل اسٹیشن میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرنا ہے۔یہ سہولت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شروع کی گئی، جس کے لیے جدید ریکوری گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے بھی اس منصوبے میں اہم کردار ادا کیا۔چیف ٹریفک آفیسر مری عمران رزاق نے بتایا کہ مری اور ملحقہ علاقوں میں گاڑی خراب ہونے یا حادثے کی صورت میں شہریوں اور سیاحوں کو فوری اور مفت ریکوری سہولت فراہم کی جائے گی، اور گاڑیوں کو قریب ترین ورکشاپ منتقل کیا جائے گا۔
ایک حالیہ واقعے میں لاہور سے آئے ایک سیاح کی گاڑی بریاں روڈ پر خراب ہو گئی، جس پر ٹریفک پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو محفوظ طریقے سے ورکشاپ منتقل کر دیا۔ سیاح نے اس پر وزیراعلیٰ اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق یہ سروس مری آنے والے تمام سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے دستیاب ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری معاونت یقینی بنائی جا سکے۔