وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جناح کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ لاہور کی آبادی کے پیش نظر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی گنجائش تیزی سے کم ہوتی جا رہی تھی۔عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم عرصے میں جناح کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا ہے، اور جلد ہی مریم نواز پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا بھی افتتاح کریں گی، جو ایک ہزار بیڈز پر مشتمل ہوگا۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پاکستان بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے، لوگوں کو کام کرنے، گڈ گورننس اور میرٹ کو یقینی بنانے کی تربیت دی ہے، اور ان کی دو سالہ محنت اب نتائج دے رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب سے سیکھنے والے دیگر صوبے پنجاب پر تنقید نہ کریں، کیونکہ پنجاب بڑا بھائی ہے اور خلوص نیت کے ساتھ دیگر صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔