شہر میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت برقرار ہے۔
موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے جبکہ 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے۔ اسی دوران اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں شدید برفباری کا امکان ہے۔مزید برآں، 21 اور 22 جنوری کو بلوچستان جبکہ 22 اور 23 جنوری کو سندھ کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں درمیانی سے شدید برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔