سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی جانب سے تھانے میں اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے منصوبے کو ناکام بنادیا: آئی ایس پی آر
خاران(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے متعدد کارروائیوں کے دوران سٹی تھانے اور بینکوں پر حملہ اور لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے ضلع خاران کے علاقے خاران سٹی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیاں کی۔ دہشت گردوں نے اس دوران سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور حبیب پر حملہ کیا اور اس دوران بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا اور کلیئرنس آپریشن کے دوران 3 مختلف مقامات پر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔