رواں سال8 لاکھ پاکستانیوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کا ہدف مقرر

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی حکومت نے سال 2026 میں 8 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کا ہدف مقرر کر لیا ہے، جو گزشتہ برس بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے والے تقریبا 7 لاکھ 40 ہزار افراد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کی عالمی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کوریا اور جاپان کے تعاون سے سافٹ اسکلز ٹریننگ پروگرامز متعارف کرا رہی ہے، جن کا مقصد پاکستانی افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ان کی بین الاقوامی مسابقت میں اضافہ کرنا ہے۔