امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار سے غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی سے متعلق حتمی معاملات پر امریکی ثالثوں اور قطری حکام سے گفتگو کی ہے۔ بلنکن نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے جنگ بندی ڈیل پر خدشات سے وہ آگاہ ہیں اور نیتن یاہو اور ان کی ٹیم سے مل کر معاملات حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے تحت 6 ہفتوں کی ابتدائی جنگ بندی، اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا، بے گھر فلسطینیوں کی واپسی، اور یرغمالیوں کی رہائی شامل ہے۔ معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت قطر، مصر اور امریکا دیں گے۔
اس معاہدے کے بعد، ترکیہ اور ایران میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جشن منایا گیا۔ انقرہ اور تہران میں ہزاروں شہریوں نے ریلیاں نکالیں اور نعرے لگائے۔غزہ میں جنگ بندی کے بعد بے گھر فلسطینیوں میں جشن کا سماں ہے، اور امدادی سامان کی ترسیل شروع ہو گئی ہے۔