لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق اور برطانیہ نے 15 بلین ڈالر تک کے تجارتی پیکیج اور دفاعی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عراق اور برطانیہ کے وزرائے اعظم نے گزشتہ روز مشترکہ بیان میں کہا کہ انہوں نے 14.98 بلین ڈالر (12.3 بلین پاؤنڈ) تک کے تجارتی پیکیج اور دو طرفہ دفاعی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔عراقی وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی اور برطانوی ہم منصب کیئر سٹارمر کے درمیان ڈاؤننگ سٹریٹ کے دفتر میں ملاقات کے بعداس معاہدے کا اعلان کیا گیا جس میں 2024 سے 10 گنا سے زیادہ دوطرفہ تجارت کی توقع ہے۔اس میں عراق اور سعودی عرب کے درمیان گرڈ انٹر کنکشن پراجیکٹ کے لیے بجلی کی ترسیل کے برطانوی ساختہ نظام استعمال کرنے کے لیے 1.2 بلین پاؤنڈ کا منصوبہ اور شمالی عراق میں القیارہ فضائی مرکز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 610 ملین ڈالر کا منصوبہ بھی شامل ہے۔