چارٹرآف ڈیمانڈ پر وزیراعظم نے کمیٹی بنادی مگردستاویزجھوٹ اور پراپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں
2 ماہ بعد بھی ہلاک زخمیوں کے نام نہیں دے سکے تو یہ جھوٹ ، پراپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں:پریس کانفرنس
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہاہے اپوزیشن کے چار ٹر آف ڈیمانڈ کا جواب دینے کے لئے وزیراعظم نے سات رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے تاہم انکی دستاو یز جھوٹ اور پروپیگنڈے کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ انکے تمام مطالبات پر پہلے سے تحقیقات ہو چکیں ۔ 190 ملین ڈالرکیس کا محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا ۔ اپوزیشن اب مینڈیٹ واپسی کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی ۔ سینیٹر عرفان صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوے انہوں نے کہا آج حکومت اور اپوزیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ۔ جس میں تحریک انصاف نے چارٹر آف ڈیمانڈ دیا ہے ۔ چارٹر آف ڈیمانڈ ہمیں دینے سے پہلے میڈیا کو جاری کیا گیا ۔ جس پر کچھ ذاتی رائے دوں گا باضابطہ جواب کمیٹی دے گی ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے تمام اتحادیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو آپس میں مشاورت کے بعد ایک موثر جواب تیار کرے گی۔ ہم جو جواب پیش کریں گے وہ حتمی جواب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پہلے دو بنیادی مطالبات تھے ، جو اس میں شامل نہیں۔ایک مطالبہ مینڈیٹ کی واپسی کا تھا جس سے وہ دستبردار ہو چکے ۔ دوسرا مطالبہ تھا کہ تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کسی ورکر کا نام یا ایف آئی آر کا نمبر نہیں دیا۔ نو مئی کی گرفتاری کے معاملے پر سپریم کورٹ پہلے ہی کارروائی یر چکا۔ گڈ ٹو سی یو والا مشہور معاملہ اسی کیس میں ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے اس معاملے کا نوٹس لیا تھا۔ یہ ایک ختم شد معاملہ ہے ، اس پر اب کیا ہو گا ۔ یہ تمام کیسز انسداد دہشت گردی میں ہیں۔