آزاد کشمیر حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں ، مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے رانا ثناء اللہ ‘امیر مقام

آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے ، دھاندلی کے الزامات غلط ہیں ،پاکستانیوں کا دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتا ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ، ہم کشمیر اور کشمیر ہمارا ہے 
 مقبوضہ کشمیر بھی ایک دن آزاد کشمیر کا حصہ بنے گا ،مسلم  لیگ ن کی قیادت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، وزیراعلی پنجاب آزادکشمیر میں بھی ترقیاتی کام کرنے کی خواہاں ہیں: حویلی میں جلسے سے خطاب
حویلی (آئی این پی )وزیراعظم کے مشیر  برائے سیاسی اموررانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امورکشمیر  امیر مقام نے کہا ہے  آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، کسی مائی کے لعل کو مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے۔حویلی میں مسلم لیگ ن کے  انتخابی جلسے سے خطاب  کرتے ہوئے  رانا ثنا اللہ نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ، پاکستانیوں کا دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتا ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ ہم کشمیر اور کشمیر ہمارا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے 45 میں سے 23 سیٹیں درکار ہیں، مسلم لیگ ن 2 مراحل میں انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے، آزاد کشمیر میں اب تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گا، آزاد کشمیر کی ترقی مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں شامل ہے ، مریم نوازنے وعدہ کیا کہ اگر کشمیر نے ن لیگ پر اعتماد کیا تو پنجاب جیسی ترقی ہو گی۔۔قبل ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، کسی مائی کے لعل کو مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ حویلی کے الیکشن جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے ، الیکشن جیت کر حویلی کے لوگوں کوبنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ حویلی میرا دوسرا گھر ہے،یہاں کے لوگوں سے اعتماد کا رشتہ ہے، مقبوضہ کشمیر بھی ایک دن آزاد کشمیر کا حصہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، کوئی مائی کا لعل حویلی والوں سے ان کا حق چھین نہیں سکتا۔