میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں،دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی :گوہر
بیرسٹرگوہرکو بتایا گیا سیاسی بات آپ سیاستدانوں سے کریں‘ سکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دیناافسوسناک ہے :دفاعی و سکیورٹی ذرائع
راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے ملاقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں، دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں،اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں۔دریں اثناء دفاعی و سیکورٹی ذرائع نے کہا ہیآرمی چیف سے پشاورمیں ملاقات کے دوران جب بیرسٹرگوہرنے سیاسی بات کرنے کی کوشش کی تو انہیں بتایا گیا یہاں صرف سکیورٹی معاملات پر بات ہوگی، سیاسی بات آپ سیاستدانوں سے کریں۔بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور سے پشاور میں بات چیت خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی معاملات کے تناظر میں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی،تو بیرسٹر گوہر کو جوابا بتا دیا گیا کہ سیاسی معاملات پر بات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر ہونے والی بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، کوشش کی گئی ہے کہ سیکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے جو افسوس ناک ہے۔