حکومت ، اپوزیشن کمیٹیوں کا پہلا اجلاس آج ہوگا امیدہے ملکی سلامتی و قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا:شہبازشریف
حکومتی اتحاد پر مشتمل کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ، سینیٹر عرفان صدیقی، راجا پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور سالک حسین شامل، سردارایاز کا حکومتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں ،وزیراعظم
پی ٹی آئی نے سپیکر ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی، ہماری مذاکراتی کمیٹی آج ملاقات کے لیے جائے گی، پیشرفت سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا،سول نافرمانی کی تحریک موخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے،شیخ وقاص اکرم کی گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ؍آئی این پی؍ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل د یتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ،سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں،راجا پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں ۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی بنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت بھی دیدی ہے، دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس آج پیر کو سپیکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔جاری بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے کیلئے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ ادھر پی ٹی آئی نے سپیکر ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی ملاقات کے لیے جائے گی، ملاقات کی پیشرفت سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، بانء پی ٹی آئی مستقبل کی حکمت عملی کا تعین کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اْمید ہے حکومتی کمیٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فہرست تیار کر لی گئی، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9مئی اور 26نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے جائیں گے۔تیار ڈرافٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔