اتحادی جماعتوں کے معاملات پر مداخلت نہیں کی جا رہی:ذرائع (ن)لیگ

 گورنر سندھ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے،متحدہ کیساتھ ورکنگ ریلیشن شپ پالیسی برقرار رہے گی 
 کراچی(آئی این پی )حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن )نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے معاملات پر مداخلت نہیں کی جا رہی ہے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری بدستور اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔ایم کیوایم پاکستان کے تنظیمی معاملات کا تعلق ان کی قیادت سے ہے، اس سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ( ن) کی وفاقی حکومت اتحادیوں کی تنظیمی سیٹ اپ یا معاملات میں مداخلت نہیں کرتی ہے، اسی پالیسی کے سبب مسلم لیگ( ن) کی حکومت اور اتحادیوں میں مثالی تعلقات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی زیر گردش اطلاعات درست نہیں ہیں،گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وفاقی حکومت میں کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری وفاق کے نمائندے ہیں وہ اپنے عہدے پر بدستور کام جاری رکھیں گے، ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ (ن)کی اتحادی ہے اور وفاقی حکومت نے موجودہ گورنر سندھ کی تقرری ایم کیوایم پاکستان کی قیادت سے مشاورت سے کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ( ن) اور ایم کیو ایم پاکستان میں آئندہ بھی تمام امور پر ورکنگ ریلیشن شپ کی پالیسی برقرار رہے گی، مستقبل میں حکومتی سطح سمیت تمام امور پر فیصلے دونوں جماعتوں میں مشاورت سے کیے جائیں گے۔