جن کو 3 کروڑ سے زیادہ کا قرضہ چاہیے وہ بھی اپلائی کر سکتے ہیں، قرضہ ملنے کے بعد بھی کوئی مشکل آتی ہے تو ہم مدد کریں گے
بچوں کو جب ان کا حق سکالر شپ کی صورت میں ملتا ہے تو خوشی ہوتی ہے، کبھی کسی کو جلا ئو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کا نہیں کہا :تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے 3 کروڑ روپے تک کا قرضہ بلا سود ملے گا۔لاہور میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جن کو 3 کروڑ سے زیادہ کا قرضہ چاہیے وہ بھی اپلائی کر سکتے ہیں، قرضہ ملنے کے بعد بھی اگر کوئی مشکل آتی ہے تو ہم مدد کریں گے‘ اپنا کاروبار کرنا اس سے پہلے اتنا آسان نہیں تھا، آسان شرائط پر قرضہ دیں گے۔وزیرِ اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی حکومت میں معیشت بہتر ہوئی تھی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا تھا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ 2018 کے بعد معیشت کو تباہی سے دوچار کیا گیا، معیشت دوبارہ بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، اسٹاک ایکسچینج بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولتیں فراہم کریں گے، مضبوط معیشت کے ثمرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
دریں اثناء فیصل آباد ڈویژن میں ہونہار سکالر شپ سکیم کا باقاعدہ آغازکرتے ہوئے تقریب سے خطاب انہوں نے کہا کبھی نہیں روئی مگر جب میری والدہ کے انتقال کی خبر ملی اور میاں نوازاشریف نیب حراست میں بیمار ہوئے تو میں روئی تھی ، ’بغیر کسی قصور کے 5 ماہ جیل میں رہ کر آئی ہوں، جیل میں نہیں روئی لیکن بچوں کو جب ان کا حق سکالر شپ کی صورت میں ملتا ہے تو اُن بچوں کی خوشی دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں،میں نے کبھی کسی کو جلا ئو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کا نہیں کہا ، ہم نے قید وبند مصیبتیں برداشت کیں لیکن انتقامی سیا ست نہیں کی،وعدوں اور نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہوں ’جتنا پیار مجھے طلبہ کی طرف سے مل رہا ہے وہ بیان نہیں کر سکتی، میرے مخالفین کہتے ہیں کہ یہ سب کچھ اسٹیجڈ ہوتا ہے، مخالفین یہاں آکر دیکھیں کہ کس طرح ایک ماں نے اپنے بچوں کے ساتھ اپنا رشتہ قائم کر لیا ہے‘۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ ’اب پنجاب کے بچوں کے ساتھ ایسا نہیں ہوگا کہ کسی کے خواب ادھورے رہ جائیں، اس سال 30 ہزار اسکالر شپ دی ہیں، یہ چھوٹا نمبر ہے، اگلے سال 50 ہزار تک لے کر جائیں گے‘