10 کروڑ سے ایک ارب تک کے قرضوں پر 3 فیصد اور ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد مارک اپ ہوگا:صوبائی وزیر
لاہور(آئی این پی) صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے رواں سال 300 ارب کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پروگرام کے تحت 10 کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرِ صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس پیسک ہاس، ڈیوس روڈ پر منعقد ہوا۔اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ملازمین کی پنشن سے متعلق فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔وزیر صنعت نے پنجاب کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کا کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منڈی بہاالدین میں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کردی گئی ہے، جہاں پلاٹوں کے حصول کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعلی آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ 300 ارب روپے کے پروگرام کے تحت 10 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 10 کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے قرضوں پر 3 فیصد اور ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد مارک اپ ہوگا۔