محکمہ داخلہ کے تحت انتہا پسندی کیخلاف وائس چانسلرز کانفرنس

لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ داخلہ کے پنجاب سینٹر فار ایکسیلنس آن کا ئونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے تحت وائس چانسلرز کانفرنس ہوئی۔ صوبہ بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور اعلیٰ حکام نے انتہا پسندی کیخلاف جامع حکمت عملی پر اظہار خیال کیا۔مقامی ہوٹل میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کانفرنس میں چیف کو آرڈینیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ڈی سی او ڈاکٹر احمد خاور شہزاد، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کیساتھ 84 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی شرکت ،انتہا پسندی کیخلاف جامعات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔وزیر صحت نے خطاب کرتے کہا قوم کی قسمت میں ہر وقت جنازے اٹھانا نہیں ہونا چاہئے۔ ہم نیملک سے دہشتگرد حملوں کو روکنا ہے،جامعات امن کا گہوارہ بنیں اور طلبہ کی تربیت پر توجہ دیں۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز اخترنے کہا جامعات میں بڑھتے تشدد کے واقعات بڑا چیلنج ہیں۔ اساتذہ کیا پڑھا رہے اور طلبہ کیا سیکھ رہے ہیں، اسکا جائزہ ضروری ہے۔سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے کہا حکومت نے اس مسئلے کے حل کیلئے سینٹر آف ایکسیلنس قائم کر دیا ہے۔انہوں نے وائس چانسلرز کو اس موضوع پر مکالمہ جاری رکھنے پر زور دیا۔شرکانے کہاجامعات کو امن کا گہوارہ بنانا اولین ترجیح ہے۔