لاہور کے 26 سکولوں میں صرف ایک پرنسپل موجود،انتظامی و تعلیمی امور متاثر
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں گریڈ 20 کے پرنسپلز کی تعیناتی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا۔لڑکوں کے 236 سکولوں میں صرف 6 پرنسپلز جبکہ لاہور کے 26 سکولوں میں صرف ایک پرنسپل موجود ہے جس سے انتظامی وتعلیمی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں لڑکوں کے سکولوں میں 230 پرنسپلز کی اسامیاں خالی جبکہ لاہور میں 20اسامیاں خالی ہیں۔ پنجاب بھر کے 200 گرلز ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں میں تقریباً 50 فیصد میں پرنسپلز تعینات ہیں۔ شاہدرہ، ریٹیگن روڈ، بندیاں والا پل، پائلٹ سکول وحدت کالونی ، یتیم خانہ ،چوہنگ، جلو موڑ، گلبرگ، اتوکے اعوان، مانگا منڈی، گلشن راوی، رائیونڈ اور سمن آباد میں پرنسپلز کی اسامیاں خالی ہیں ۔ڈائریکٹر لاہور ڈویڑن گریڈ 20 کی اسامی بھی خالی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے سینئر اساتذہ کے کاغذات کی جانچ پٹرتال جاری ہے انہیں جلد ترقیاں دی جائینگی۔