مذاکرات ناکام ،دونوں کاقانونی جنگ لڑنے کافیصلہ ، سپریم کورٹ جائینگے :چیئرمین ایسوسی ایشن
لاہور(کرائم رپورٹر)محکمہ خوراک پنجاب اور فلورملز کا تنازع شدت اختیار کر گیا،گزشتہ رات محکمہ خوراک اور فلورملز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب یومیہ ایک ہزار ٹن آٹا کے پرمٹ جاری کرنے پر راضی ہوا ، فلورملز ایسوسی ایشن نے پنجاب کی بین الصوبائی پابندی کو آٹھ روز بعد سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا،محکمہ خوراک پنجاب نے بھی پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ قوانین کی بنیاد پر قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا،اسپیکولیشن ایکٹ، فوڈ سٹف ایکٹ کے تحت گندم آٹا کی بین الصوبائی ترسیل کیلئے پرمٹ لازم قرار دیا ہے ،فلورملز انڈسٹری میں تضادات سامنے آ گئے، متعدد شہروں کی فلورملز پرمٹ لینے کو تیار ہے،پنجاب میں گندم کی قلت کے سبب محکمہ خوراک زیادہ مقدار میں پرمٹ جاری کرنے سے گریزاں ہے،سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب کے عوام کیلئے وافر سستا آٹا اور روٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چند عناصرِ ذاتی مفادات کیلئے مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش میں ملوث ہیں، پنجاب کیعوام کو کرپشن زدہ سرکاری کوٹہ نظام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کو آٹھ روز کا وقت دیا ہے ،اگر فیصلہ نہ ہوا تو سپریم کورٹ میں جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔