پنجاب میں کرسمس تقریبات سرکاری سطح پر منائی گئیں‘ قیام پاکستان کے بعد بند گوردواروں کو بھی دوبارہ کھولا جا رہا ہے:رمیش سنگھ اروڑہ
لاہور(آن لائن)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی کا مقصد معاشرے میں محبت، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے اور پاکستان ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے آزادی کے ساتھ اپنی عبادات اور تہوار منا سکتے ہیں۔ دشمن عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کا کسی مذہب یا مسلک سے تعلق نہیں، تمام دہشت گرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں جن کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔وہ کیتھڈرل چرچ لاہور میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وزیراعظم کے معاون حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بین المذاہب اتحاد کا فروغ آسان عمل نہیں تاہم علما نے ہمیشہ چرچ اور مسجد کی سطح پر مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ ۔وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج قرار دیا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کرسمس کی تقریبات سرکاری سطح پر منائی گئیں جبکہ قیام پاکستان کے بعد بند گوردواروں کو بھی دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور محبت کی سرزمین ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ مشترکہ نکات پر ہونا چاہیے اور افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے سماجی رابطوں کے ذرائع کو ذمہ داری سے استعمال کرنا ہوگا