قوم اپنی فوج کیساتھ ہے، دہشتگردی کیخلاف سب کو متحد ہونا ہوگا بلاول بھٹو

حکومتی کوششوں سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہورہا جس کو ویلکم کرتے ہیں، عوام تک ریلیف پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے‘سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا وژن ہے
  ہم نے سندھ کے عوام کی خدمت کرنی ہے، روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے:  سندھ حکومت کے  آئی ورک فور سندھ  پورٹل  کی افتتاحی تقریب سے خطاب

 کراچی(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔ جمعہ کو کراچی میں سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ کیرئیر پورٹل اور ایپلی کیشن آئی ورک فور سندھ  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت سے اپنی تقریر کا آغاز کرنا چاہتا ہوں،  سانحہ جعفر ایکسپریس قابل مذمت ہے، مسلح افواج کی شجاعت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے نہ صرف مغوی بازیاب کرائے بلکہ دہشتگردوں کا قلع قمع بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ اتنے مشکل علاقے میں آپریشن بہت مشکل لگ رہا تھا، صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذہبی دہشت گردی ہو یا مسلح دہشتگردی سب کی مذمت کی۔، سکیورٹی فورسز نے بہت تیزی اور بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگی۔  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا وژن ہے، ہم نے سندھ کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کی معیشت پرائیوٹ سیکٹر چلاتا ہے، روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، آئی ٹی کے استعمال سے آئی ورک فار سندھ پورٹل بنایا ہے، اس صوبے کے نوجوان اور جاب کریئیٹر کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم پر آئیں، ماڈرن ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ سیکٹر سے ملکر نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔