جنگ نہ ہونا امن نہیں، انصاف ہونا امن ہے: یوسف رضا گیلانی

 جب تک انصاف نہیں ہوگا  امن نہیں آئے گا،  پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا
 عالمی برادری نے افغان مہاجرین کا بوجھ بانٹنے سے متعلق کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے
 قبائلی اضلاع کے پسماندہ طبقوں کی آواز نہیں دبنے دیں گے:چیئرمین سینیٹ کا  قبائلی جرگے سے خطاب  
 اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے  جنگ نہ ہونا امن نہیں بلکہ انصاف ہونا امن ہے، جب تک انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں آئے گا، قبائلی اضلاع کے پسماندہ طبقوں کی آواز نہیں دبنے دیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نیضم شدہ اضلاع کے قبائلی جرگے سے خطاب  کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ملکوں کو اس وقت امن وامان کا مسئلہ درپیش ہے، جب وزیراعظم بنا تو ہم نے ساتھ وزیرستان ،سوات اورمالاکنڈ میں مشاورت کے ساتھ آپریشن کیا۔ان کا  کہنا تھا کہ افغانستان میں بدامنی کی وجہ سے مہاجرین نے پاکستان نقل مکانی کی، پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا، ہم نے شفافیت کے ساتھ ملٹری آپریشن کیا، عالمی برادری نے افغان مہاجرین کا بوجھ بانٹنے سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں نے ملالہ یوسفزئی کو امن ایواڈ دیا، پوری دنیا نے میرے انتخاب کو قبول کیا اورملالہ یوسفزئی کو 3سال بعد نوبل انعام ملا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قبائلی اضلاع کی ترقی ہماری ترجیح ہے، میں بھی جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتا ہوں ، جنوبی پنجاب میں بھی پسماندگی اوربیروزگاری ہے، گورنمنٹ سے درخواست کروں گا کہ آپ کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ہم قبائلی اضلاع کے پسماندہ طبقوں کی آواز نہیں دبنے دیں گے۔