چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب: پاک فضائیہ کے فلائٹ پاسٹ کے لیے اہم ہدایات جاری

چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب: پاک فضائیہ کے فلائٹ پاسٹ کے لیے اہم ہدایات جاری

کراچی میں 19 فروری کو ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔

 اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایئرلائنز کو نوٹم (نوٹس ٹو ایئر مین) کے ذریعے ہدایات جاری کی ہیں۔ 17 سے 19 فروری تک دوپہر 2:30 بجے سے 3:00 بجے تک مخصوص ایئر کوریڈور فلائی پاسٹ اور اس کی ریہرسل کے لیے مصروف رہے گا۔ اس دوران کراچی ایئرپورٹ آنے والی کمرشل پروازوں کو احتیاط برتنے اور اضافی فیول رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں پاک فضائیہ کا فلائی پاسٹ شامل ہوگا۔افتتاحی تقریب کے لیے ریہرسل جاری ہے، اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ اس دوران سٹیڈیم کی فضا میں طیاروں کی گھن گرج سن کر شہریوں کی بڑی تعداد نے کرتب سے لطف اندوز ہوتے ہوئے تالیاں بجائیں اور نعرے لگائے۔

 ریہرسل کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال بھی دیکھی گئی۔افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیداران، سیاسی شخصیات اور سابق کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔