آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2023 کی اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نظر انداز کیے جانے پر پی سی بی حکام میں غصہ پایا جا رہا ہے۔
دبئی میں ہونے والی اس تقریب میں ٹرافی اور دیگر ایوارڈز کی تقسیم کے دوران پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے کسی نمائندے کو اسٹیج پر مدعو نہیں کیا گیا۔ اس تقریب میں آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجربینی، بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے راجر ٹوز سمیت دیگر کرکٹ حکام موجود تھے، مگر حیران کن طور پر پاکستان کے نمائندے کو بلایا نہیں گیا۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید وہاں موجود تھے، لیکن آئی سی سی نے ان کو اس اہم تقریب میں مدعو نہیں کیا۔ پی سی بی حکام اس بات پر شدید ناراض ہیں اور اس معاملے پر باقاعدہ طور پر آئی سی سی کو خط لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وضاحت طلب کی جا سکے کہ میزبان بورڈ کو کیوں نظر انداز کیا گیا۔
پی سی بی سربراہ محسن نقوی نے آئی سی سی کو اس بات سے آگاہ کیا تھا کہ وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور سمیر احمد سید کو پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھیجا جائے گا۔ تاہم، اختتامی تقریب میں اسٹیج پر کس کو مدعو کرنا ہے، یہ فیصلہ آئی سی سی حکام کے ہاتھ میں تھا، مگر ماضی میں ہمیشہ میزبان ملک کی نمائندگی کو اسٹیج پر مدعو کیا جاتا رہا ہے۔یہ غیر معمولی واقعہ پی سی بی حکام کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شائقین کو بھی بہت مایوس کن محسوس ہوا، اور اب آئی سی سی کے اس رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔