تھانہ لدھیوالہ کی حوالات کاٹ کر5خطر ناک ملزم فرار

ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی غفلت سے ملزموں نے سلاخ کاٹی اور فرار ہوگئے
سی پی او کا نوٹس ،سی سی ڈی کو گرفتاری کا ٹاسک، 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا 
لدھیوالہ وڑائچ( )تھانہ لدھیوالہ کی حوالات کا آہنی سریا کاٹ کر5خطر ناک ملزم فرار ہو گئے ،سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے فرار ملزموں کی گرفتاری کے لئے سی سی ڈی کی کو ٹاسک دے دیا، رات گئے 3 گرفتار کر لیے گئے۔بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود نائب محرر عرفان خاور اور نائٹ کانسٹیبل جاوید اقبال کی غفلت کی وجہ سے اتوار کی صبح ساڑھے 4 بجے تھانہ لدھیوالہ کی حوالات کا آہنی سریا کاٹ کر5خطرناک ملزم علی شیر،تنویر،ساکن مسائیکے والی، علی حمزہ ساکن مدوخلیل اوراسامہ خالد،قیصر ساکن کاموں ملہی تھانے سے فرار ہو گئے، واقعہ کا علم ہوتے ہی سی پی او رانا ایاز سلیم نے فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی اور ایس ایچ او تھانہ لدھیوالہ کو دو دن کا وقت دیا ،ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ پولیس کی چھاپہ مار ٹیموں نے مختلف مقامات سے حوالات سے فرار ہونے والے 3ملزموں علی حمزہ ،اسامہ اور قیصر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ علی شیر اور تنویر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔